پی ایم سی ایلومنائی برطانیہ کا ٹیلفرڈ میں سالانہ گالا، طبی آگاہی اور تفریح کا حسین امتزاج

پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد، جو اب فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے نام سے جانا جاتا ہے، کے سابق طلبہ کی نمائندہ تنظیم پی ایم سی ایلومنائی برطانیہ کے زیرِ اہتمام سالانہ گالا تقریب 30 اگست کو ٹیلفرڈ کے ایکسیلینسی مڈلینڈ کے بالیسیما ہال میں منعقد ہوئی، جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے معروف ڈاکٹرز، سابق طلبہ، تنظیم کے اراکین اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز پر مہمانوں کی باربی کیو سے تواضع کی گئی، جہاں پی ایم سی ایلومنائی برطانیہ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سعدیہ علوی نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ بعد ازاں مہمانوں کو مختلف مشروبات بھی پیش کیے گئے۔ مرکزی ہال میں پہنچنے پر شرکاء کو وائلن موسیقی سے محظوظ کیا گیا، جس کے بعد تقریب کی باقاعدہ نشست کا آغاز ہوا۔

ڈاکٹر سعدیہ علوی نے تقریب کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد بیان کیے، جبکہ ڈاکٹر نویدہ گیلانی نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف ناردرن یورپ اور ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز آف دی یونائیٹڈ کنگڈم سے وابستہ ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی۔

تقریب کی علمی و طبی آگاہی نشست میں ڈاکٹر فہیم احمد، ڈاکٹر جہانزیب افتخار، ڈاکٹر نبیلہ ارم اور ڈاکٹر سلمان شفیق سمیت ماہر مقررین نے کینسر اور دیگر امراض کے حوالے سے شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے بیماریوں کی علامات، انسانی صحت پر ان کے اثرات، بروقت تشخیص، احتیاطی و حفاظتی تدابیر اور بچاؤ کے طریقوں پر روشنی ڈالی، جبکہ بیماری اور مشکل حالات کا مثبت طرزِ فکر کے ساتھ مقابلہ کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ سوال و جواب کے دوران ماہر ڈاکٹرز نے شرکاء کے مختلف طبی اور صحت سے متعلق سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔

علمی نشست کے بعد شرکاء کی تفریح کے لیے دلکش ایل ای ڈی پرفارمنس پیش کی گئی، جس میں روشنیوں کے خوبصورت امتزاج اور فنکارانہ مظاہرے نے تقریب کی رونق مزید بڑھا دی۔

تقریب کے دوران پنجاب میڈیکل کالج میں زیرِ تعلیم مستحق طلبہ کی مالی معاونت، نوجوان ڈاکٹروں کی رہنمائی و سرپرستی، ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ ترقی اور سابق طلبہ کی جانب سے اپنے مادرِ علمی اور معاشرے کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق طلبہ کی معاونت، نئی نسل کی رہنمائی اور اپنے مادرِ علمی سے تعلق کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر شفقت علی اور ان کی ٹیم نے براہِ راست موسیقی کی شاندار پرفارمنس پیش کی، جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ طبی آگاہی، پیشہ ورانہ روابط، فلاحی خدمات اور تفریح سے بھرپور پی ایم سی ایلومنائی برطانیہ کا سالانہ گالا شرکاء کے لیے ایک یادگار اجتماع ثابت ہوا۔

Leave a Reply

Discover more from Public Mirror

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading